ہنگری ، ٹرمپ کے حمایت یافتہ وزیراعظم کو16 سال بعد شکست

news-banner

تازہ ترین - 13 اپریل 2026

ہنگری میں اپوزیشن جماعت تیزا پارٹی نے عام انتخابات میں واضح کامیابی حاصل کرتے ہوئے دائیں بازو کے وزیراعظم اور ٹرمپ کے حمایت یافتہ وکٹر اوربان کے 16 سالہ اقتدار کا خاتمہ کر دیا۔

 

 پارٹی کے سربراہ پیٹر میگیار کی قیادت میں حاصل ہونے والی یہ کامیابی ملکی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی قرار دی جا رہی ہے۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق تقریباً تمام ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے پر تیزا پارٹی نے پارلیمان کی 199 میں سے 138 نشستیں حاصل کر لیں، جس سے اسے دو تہائی اکثریت مل گئی ہے۔ اس کے مقابلے میں اوربان کی جماعت فیدیز صرف 55 نشستیں جیت سکی۔

 

 انتخابی نتائج کے چند گھنٹوں بعد وکٹر اوربان نے شکست تسلیم کرتے ہوئے اسے ’تکلیف دہ مگر واضح‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ اب اپوزیشن میں رہ کر ملک کی خدمت کریں گے۔ انتخابات سے چند روز قبل امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ہنگری پہنچے تھے، جہاں انہوں نے کہا تھا کہ وہ وکٹر اوربان کی ’مدد‘ کے لیے آئے ہیں۔

 

 اسی طرح ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی بارہا وکٹر اوربان کی حمایت کا اظہار کیا، اور حالیہ جمعے کو انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ اگر اوربان دوبارہ منتخب ہوئے تو وہ امریکا کی ’معاشی طاقت‘ ہنگری کے لیے بروئے کار لائیں گے۔

 

 پیٹر میگیار نے فتح کے بعد ہزاروں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے تاریخ بدل دی ہے‘۔ انہوں نے بدعنوانی کے خاتمے، عوامی خدمات کی بہتری اور یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کا عزم ظاہر کیا۔