دبئی کا پرتعیش برج العرب ہوٹل 18 ماہ کے لیے بند کرنے کا فیصلہ

news-banner

دنیا - 15 اپریل 2026

دبئی کا معروف اور پرتعیش ہوٹل برج العرب وسیع بحالی اور تزئین و آرائش کے منصوبے کے تحت 18 ماہ کے لیے بند کیا جا رہا ہے۔ ہوٹل کے منتظم ادارے جمیرا گروپ نے اس منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ 

 

انتظامیہ کے مطابق بحالی کے اس منصوبے کا مقصد ہوٹل کے اندرونی حصوں کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانا ہے جبکہ اس کی اصل شناخت اور تاریخی طرزِ تعمیر کو برقرار رکھا جائے گا۔ 

 

حکام کا کہنا ہے کہ اس کام کو کسی فن پارے کی مرمت کی طرح نہایت احتیاط اور احترام کے ساتھ انجام دیا جائے گا۔ تزئین و آرائش کے اس منصوبے کی قیادت معروف فرانسیسی معمار تریستان اوئر کریں گے، جو اس سے قبل پیرس کے تاریخی ہوٹل ہوٹل دے کریلون کی بحالی جیسے بڑے منصوبوں پر کام کر چکے ہیں۔

 

 انہیں ایک طویل اور سخت انتخابی عمل کے بعد اس منصوبے کے لیے منتخب کیا گیا۔ یہ ہوٹل تقریباً 27 سال قبل کھولا گیا تھا اور اسے دنیا کے سب سے مشہور لگژری ہوٹلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ کشتی کے بادبان جیسی منفرد شکل کی وجہ سے یہ دبئی کی پہچان بن چکا ہے اور دنیا کی سب سے زیادہ تصویر کھینچی جانے والی عمارتوں میں شامل ہے۔ 

 

321 میٹر بلند اس عمارت میں 198 سوئٹس موجود ہیں جبکہ اس کے اندرونی حصوں میں سنگِ مرمر، سونے کی پرت اور سواروسکی کرسٹل استعمال کیے گئے ہیں۔ اپنی نجی جزیرے پر قائم یہ عمارت خلیجِ عرب کے خوبصورت مناظر بھی پیش کرتی ہے۔