تازہ ترین - 15 اپریل 2026
شان مسعود قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان برقرار
کھیل - 15 اپریل 2026
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے لیے اوپننگ بیٹر شان مسعود پر اپنا بھرپور اعتماد برقرار رکھنے کے لیے تیار ہے، جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد کو ریڈ بال کرکٹ کے لیے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سونپے جانے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ان تقرریوں کا باقاعدہ اعلان بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کی حتمی تصدیق کے بعد متوقع ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز 8 مئی اور 16 مئی سے شروع ہونے والی ہے، تاہم وینیوز کا فیصلہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے آنے والے چند دنوں میں کیا جائے گا۔
سرفراز احمد پہلی بار ہیڈ کوچ کے طور پر اظہر محمود کی جگہ لیں گے، جبکہ وہ قومی سلیکٹر کے طور پر بھی اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔ پی سی بی کی جانب سے ٹیسٹ سیٹ اپ میں استحکام برقرار رکھنے کی پالیسی کے تحت شان مسعود کو کپتان برقرار رکھا جا رہا ہے۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 2025-27 کے موجودہ سائیکل میں پاکستان نے بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف 3اہم ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی گئی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے بعد سے پاکستان نے کوئی ریڈ بال میچ نہیں کھیلا ہے۔ موجودہ کوچنگ ڈھانچے میں مائیک ہیسن وائٹ بال کرکٹ کے ہیڈ کوچ ہیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی ون ڈے اور سلمان علی آغا ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔
دوسری جانب لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سرفراز احمد کی نگرانی میں ریڈ بال ٹریننگ کیمپ جاری ہے، جس میں ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ، خاص طور پر نوجوان اوپنر اذان اویس پر توجہ دی جا رہی ہے۔
21 سالہ اذان اویس نے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے، جس میں سیالکوٹ ریجن کی جانب سے 844 رنز اور قائد اعظم ٹرافی میں 4 سنچریوں کی مدد سے اپنی ٹیم کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کرنا شامل ہے۔
اذان اویس نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا حتمی ہدف تمام فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ہے، جس میں ٹیسٹ کرکٹ ان کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے۔
دیکھیں

