ترکی ، سکول میں فائرنگ ، آٹھ طلبہ ، ایک ٹیچر ہلاک

news-banner

تازہ ترین - 16 اپریل 2026

ترکی کے وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ جنوبی ترکی میں ایک سکول میں فائرنگ کے واقعے میں کم از کم آٹھ طلبہ اور ایک ٹیچر ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

 

 یہ واقعہ ترکی کے شہر کہرامان مرعش میں واقع آیسر چالک سیکنڈری سکول میں پیش آیا۔ 

 

وزیر داخلہ کے مطابق 13 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے چھ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران 14 سالہ حملہ آور بھی ہلاک ہوا۔

 

 یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایک دن قبل ہی جنوبی ترکی میں ایک اور ہائی سکول میں سابق طالب علم کی فائرنگ سے 16 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ بعد ازاں اس حملہ آور نے خودکشی کر لی تھی۔ 

 

 اس تازہ حملے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

 

 ترک میڈیا کے مطابق حملہ آور، جس کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ طالب علم تھا، دو کلاس رومز میں داخل ہوا۔ اس کے پاس پانچ بندوقیں اور سات میگزین موجود تھے۔ 

 

مقامی گورنر نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ اسلحہ طالب علم کے والد کا تھا جو سابق پولیس اہلکار ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور کے والد کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔