دنیا - 17 اپریل 2026
بارش ،ژالہ باری کا الرٹ جاری،برفباری کا بھی امکان
تازہ ترین - 17 اپریل 2026
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے 18 سے 23 اپریل کے دوران بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا گیا، خیبرپختونخوا میں مختلف مقامات پر برف باری ہونے کا بھی امکان ہے۔
الرٹ کے مطابق بالائی اور وسطیٰ پنجاب میں 18 اور 19 اپریل کو بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے، جنوبی پنجاب میں 18 سے 23 اپریل کے دوران چند مقامات پر ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گوادر اور ساحلی علاقوں میں 19، 20 اور 23 اپریل کو بارش ہو سکتی ہے، سندھ میں خیرپور، سکھر، حیدرآباد، عمرکوٹ، مٹھی، بدین، کراچی میں 19 اور 20 اپریل کو بارش کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ کے متعدد اضلاع میں دن کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، ملاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد ، بنوں، بونیر، پشاور سمیت بیشتر اضلاع میں بارش جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر برفباری بھی متوقع ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے باعث کمزور تعمیرات ، درختوں اور بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچ سکتا ہے، سڑکوں پر پھسلن سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
قبل ازیں محکمہ موسمیات نے 16 سے 18 اپریل کے دوران بھی تیز بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، بالائی خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤمیں اضافہ ہونے کا خطرہ ہے۔
دیکھیں

