ٹی 20 ورلڈ کپ 2026: کینیڈا کا ایک اوور اور کئی سوال، کرپشن کی تحقیقات شروع

news-banner

کھیل - 17 اپریل 2026

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن یونٹ نے تصدیق کی ہے کہ اس نے کینیڈا کی کرکٹ ٹیم کے خلاف باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں جن میں حالیہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران کھیلے گئے ایک مخصوص میچ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ 

 

یہ ٹورنامنٹ بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہوا تھا۔ رپورٹس کے مطابق اینٹی کرپشن یونٹ اس وقت 2 الگ الگ تحقیقات کر رہا ہے جن میں بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ ایونٹس میں ممکنہ بدعنوانی کے معاملات شامل ہیں۔ 

 

یہ الزامات سب سے پہلے ایک کینیڈین تحقیقاتی ڈاکیومنٹری ’کرپشن، کرائم اینڈ کرکٹ‘ کے ذریعے سامنے آئے جس میں کرکٹ کینیڈا کے انتظامی ڈھانچے اور اخلاقی معیار پر سنگین سوالات اٹھائے گئے۔

 

 ایک اہم الزام کینیڈا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ میچ سے متعلق ہے۔ ڈاکیومنٹری میں نیوزی لینڈ کی اننگز کے 5ویں اوور پر خاص توجہ دی گئی جو کینیڈا کے کپتان دلپریت باجوا نے کرایا تھا۔ باجوا کو ٹورنامنٹ سے صرف 3 ہفتے قبل کپتان مقرر کیا گیا تھا اور اس اوور میں انہوں نے ایک نو بال اور ایک وائیڈ سمیت 15 رنز دیے۔

 

 اس سے قبل کینیڈا نے فاسٹ بولرز جسکرن سنگھ اور ڈیلن ہیلیگر کے ساتھ آغاز کیا تھا جو مہنگے ثابت ہوئے۔ تیسرے اوور میں سعد بن ظفر کو اسپن بولنگ کے لیے لایا گیا جنہوں نے وکٹ میڈن اوور کیا، جبکہ اگلے اوور میں ہیلیگر نے ایک اور وکٹ حاصل کی، جس کے بعد باجوا کا مہنگا اوور آیا۔

 

 تحقیقات کا ایک اور پہلو ایک لیک ہونے والی فون کال سے متعلق ہے جس میں کینیڈا کے سابق ہیڈ کوچ خرم چوہان شامل ہیں۔ اس آڈیو میں انہوں نے الزام لگایا کہ کرکٹ کینیڈا کے اعلیٰ حکام نے ان پر مخصوص کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔

 

 یہ آڈیو گزشتہ سال سامنے آئی تھی اور تب سے زیرِ تفتیش ہے جبکہ اس میں میچ فکسنگ کی کوششوں سے متعلق غیر مصدقہ باتیں بھی شامل ہیں۔

 

 ایک اور سابق ہیڈ کوچ پبودو دسانائیکے نے بھی دعویٰ کیا کہ انہیں سنہ 2024 کے ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل ٹیم سلیکشن پر دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے مطابق مخصوص کھلاڑیوں کو شامل نہ کرنے پر انہیں معاہدہ ختم کرنے کی دھمکیاں دی گئیں جس پر وہ اب کرکٹ کینیڈا کے خلاف قانونی کارروائی کر رہے ہیں۔