ایران سے بہت اچھے مذاکرات چل رہے ہیں، آج اہم معلومات کا اعلان کروں گا، ڈونلڈ ٹرمپ

news-banner

دنیا - 18 اپریل 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ بہت اچھے مذاکرات چل رہے ہیں، آج دن کے اختتام تک اہم معلومات کا اعلان کروں گا۔ 

 

اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایران آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کرنے کی کوشش کرنا چاہتا ہے، تاہم وہ امریکا کو کسی صورت بلیک میل نہیں کر سکتا۔

 

 صدر ٹرمپ نے کہاکہ ایران کے ساتھ مذاکرات بہتر انداز میں جاری ہیں، لیکن امریکا اپنے مؤقف پر قائم ہے اور ایران کے دباؤ میں نہیں آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے معاملے پر امریکا نے سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔

 

 انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران میں قاسم سلیمانی کو نشانہ بنایا گیا تھا، جو امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں اور معذوری کا ذمہ دار تھا۔ صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران سے متعلق اہم معلومات کا اعلان دن کے اختتام تک کیا جائے گا۔ 

 

عالمی امور پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے اسپین کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ وہاں کی معیشت کمزور ہو چکی ہے، جبکہ اسپین نیٹو میں اپنے حصے کی ذمہ داری بھی پوری نہیں کررہا۔ 

 

ان کا کہنا تھا کہ اسپین دفاعی اخراجات کے لیے جی ڈی پی کا 5 فیصد خرچ کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی حکومت طبی شعبے میں اصلاحات لا رہی ہے، جس کے نتیجے میں ادویات کی قیمتوں میں 50 سے 80 فیصد تک کمی آئی ہے۔

 

 واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور بھی اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے، پاکستان دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کے لیے بھرپور سفارتکاری کررہا ہے۔