دنیا - 18 اپریل 2026
کراچی، چھالیہ اسمگل کرنے والے ملزمان نے پولیس اہلکار کو گاڑی تلے کچل کر قتل کردیا
پاکستان - 18 اپریل 2026
کراچی کے علاقے گلشنِ معمار میں تلاشی کے دوران ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں چھالیہ اسمگل کرنے والے ملزمان نے پولیس اہلکار کو گاڑی کے نیچے کچل دیا۔
اس وحشیانہ کارروائی کے نتیجے میں 36 سالہ پولیس کانسٹیبل عبدالمنان جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق معمار موڑ پر معمول کی چیکنگ کے دوران جب ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تو اسمگلروں نے رکنے کے بجائے گاڑی کی رفتار بڑھا دی اور ڈیوٹی پر موجود اہلکار کو زوردار ٹکر مار دی۔
کانسٹیبل عبدالمنان کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ پولیس نے فوری تعاقب کرتے ہوئے دونوں اسمگلروں، آغا جان اور نسیم کو گرفتار کر لیا ہے۔
تلاشی لینے پر معلوم ہوا کہ گاڑی میں بھاری مقدار میں چھالیہ لدی ہوئی تھی اور ملزمان اس پر جعلی نمبر پلیٹ لگا کر اسمنگلنگ کررہے تھے۔ پولیس نے گاڑی قبضے میں لے کر ملزمان کے خلاف قتل اور اسمنگلنگ کی دفعات کے تحت کارروائی شروع کر دی ہے۔
شہادت کا رتبہ پانے والے اہلکار کی نمازِ جنازہ ڈی آئی جی ایسٹ زون کے ہیڈ کوارٹرز میں ادا کی گئی۔
دیکھیں

