پاکستان - 20 اپریل 2026
ناکہ بندی خلاف ورزی پر ایرانی جہاز قبضے میں لے لیا ،ٹرمپ، مسلح ڈکیتی کا جواب دینگے،ایران
تازہ ترین - 20 اپریل 2026
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کرنے والے ایرانی جہاز کو قبضے میں لے لیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی فوج نے ایک ایرانی جہاز کو روکا جو آبنائے ہرمز پر امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کر رہا تھا۔
ٹرمپ کے مطابق امریکا نے آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی کی خلاف ورزی پر ایرانی بحری جہاز کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ قبضے میں لیے گئے ایرانی پرچم والے مال بردار بحری جہاز کا نام ’توشکا‘ ہے۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ قبضے میں لیا گیا جہاز تقریباً 900 فٹ لمبا اور ایک طیارہ بردار بحری جہاز جتنا وزنی ہے۔
امریکی بحریہ کے گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر نے خلیج عمان میں جہاز ’توشکا‘ کو روکا، جہاز کو رکنے کی وارننگ بھی دی لیکن ایرانی عملے نے سننے سے انکار کر دیا۔
امریکی صدر کاکہنا ہے کہ امریکی بحریہ نے جہاز کے انجن روم میں سوراخ کرکے اسے روکا، جہاز اب امریکی میرینز کےقبضے میں ہے اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ جہاز میں کیا ہے۔
ایران کی جوائنٹ ملٹری کمانڈ خاتم الانبیاء نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران کے تجارتی بحری جہاز پر فائرنگ کر کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔
امریکا نے جس تجارتی جہاز پر حملہ کیا وہ چین سےایران آرہا تھا، ایران جلد ہی امریکی فوج کی میری ٹائم اور مسلح ڈکیتی کا جواب دے گا اور جوابی کارروائی کرے گا۔
ایران کی جوائنٹ ملٹری کمانڈ نے ساتھ ہی یہ اعلان بھی کیا کہ امریکی حملے کے بعد ایرانی فورسز نے کچھ امریکی فوج کے بحری جہازوں پر ڈرون سے حملہ کیا ہے۔
دیکھیں

