وزیراعلیٰ سندھ کا مستحق ٹرانسپورٹرز کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا حکم

news-banner

پاکستان - 20 اپریل 2026

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مستحق ٹرانسپورٹرز کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیٹا کی غلطیوں کی بنیاد پر تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ 

 

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سبسڈی عمل درآمد کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، شرجیل میمن، مکیش چاولہ، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ آصف اکرام، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسدا ضامن،سیکریٹری ایکسائیز سلیم راجپوت اور دیگر حکام شریک ہوئے۔

 

 بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں فیول سبسڈی اسکیم کے تحت 3ہزار 976 گاڑیوں کو ادائیگی کی گئی، جس کی رقم 14 کروڑ 67 لاکھ روپے بنتے ہیں جبکہ پانچ ہزار سے زائد کیسز کی ڈیٹا میں غلطیوں کے باعث تصحیح کا عمل جاری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے تصدیقی عمل تیز کرنے کی ہدایت کی کہ 11ہزار 980 اہل گاڑیوں کا ڈیٹا جمع کیا جائے۔ انہوں نے ٹرانسپورٹ اور ایکسائز محکموں کو وفاق سے قریبی رابطے کی ہدایت کی۔

 

 وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ شناختی کارڈ، آئی بی این اور دیگر ڈیٹا غلطیوں کو فوری درست کیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ٹرانسپورٹ نظام کی ڈیجیٹلائزیشن پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ایکسائیز ڈپارٹمنٹ کی موٹر رجسٹریشن، پی ٹی اے اور آر ٹی اے نظام کی خودکاری کا عمل جاری ہے۔ 

 

سید مراد علی شاہ نے ٹریفک اور موٹروے پولیس کے ساتھ نظام کے انضمام کی ہدایت دی۔ انکا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے شفافیت اور کارکردگی بہتر بنائی جائے۔

 

 وزیراعلیٰ سندھ نے بغیر روٹ پرمٹ یا فٹنس سرٹیفکیٹ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کے لیے روٹ پرمٹ لازمی قرار دے دیا۔ انہوں نے فیلڈ چیکنگ اور جرمانوں کا نظام مزید سخت کرنے کی ہدایت کی۔

 مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ ٹرانسپورٹ، ایکسائز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں مؤثر رابطے جبکہ سبسڈی شفاف، بروقت اور مستحق افراد تک پہنچانے کی ہدایت کی۔