کاروبار - 22 اپریل 2026
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں اہم اجلاس
پاکستان - 22 اپریل 2026
ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیرصدارت وزارت خارجہ میں ایک اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں تیزی سے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال اور مستقبل کی بین الاقوامی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور وزارت کے دیگر سینیئر حکام نے شرکت کی اور وزیر خارجہ کو حالیہ سفارتی پیشرفت پر بریفنگ دی، اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم نے ابھرتی ہوئی عالمی اور علاقائی صورتحال پر افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے کلیدی مقاصد کے حصول کے لیے بیوروکریسی کو محض روایتی طریقہ کار تک محدود رہنے کے بجائے فعال شمولیت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ سفارتی محاذ پر کامیابی کے لیے مقصد کی وضاحت، تزویراتی دور اندیشی اور نتائج پر مبنی حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سینیٹر اسحاق ڈار نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام اہم سفارتی اہداف کے حصول کے لیے اسٹریٹجک وژن کو اپنایا جائے تاکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مفادات کا بھرپور تحفظ کیا جاسکے۔
اجلاس میں آنے والے ہفتوں میں طے شدہ بین الاقوامی دوروں اور عالمی فورمز پر پاکستان کی نمائندگی کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔
وزارت خارجہ کے حکام نے نائب وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ خارجہ پالیسی کی ترجیحات اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کا فعال کردار جاری رکھا جائے گا۔
دیکھیں

