شہباز شریف اور مسعود پزشکیان کے درمیان 50 منٹ طویل ٹیلیفونک رابطہ

news-banner

پاکستان - 26 اپریل 2026

وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جو تقریباً 50 منٹ تک جاری رہا۔ 

 

گفتگو میں خطے کی صورتحال اور امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

 

شہباز شریف نے 11 اور 12 اپریل کو اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں ایرانی وفد کی شرکت کو سراہا اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ان کے وفد کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کیا۔

 

ایرانی وزیر خارجہ نے اس دورے کے دوران وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں، جن میں شہباز شریف کے ساتھ دو گھنٹے طویل تفصیلی ملاقات بھی شامل تھی۔

 

دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ 

 

ایرانی صدر نے وزیراعظم، پاکستان کی عسکری قیادت اور وزیر خارجہ کی امن کوششوں کو سراہا اور خطے میں امن کی خواہش کا اظہار کیا۔

 

مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط اور وسیع ہوں گے۔

 

وزیراعظم نے پاکستان کے خطے میں امن کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ سفارتی کوششیں جاری رہیں گی۔

 

شہباز شریف نے اپنی حالیہ سفارتی سرگرمیوں سے بھی ایرانی صدر کو آگاہ کیا اور کہا کہ عالمی رہنماؤں سے رابطوں نے مکالمے اور سفارتکاری کے حق میں وسیع اتفاق رائے پیدا کرنے میں مدد دی ہے۔

 

انہوں نے ایرانی قیادت کے حالیہ دورہ تہران کو بھی سراہا اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔

 

دوسری جانب ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے جوہری مذاکرات کے اہم نکات آئندہ مرحلے میں طے ہونے کی توقع ہے۔