متحدہ عرب امارات میں امیر افراد کی تعداد میں اضافہ، حیران کن رپورٹ سامنے آگئی

news-banner

دنیا - 26 اپریل 2026

متحدہ عرب امارات میں ارب پتی اور انتہائی امیر افراد کی تعداد میں نمایاں اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے جو ملک کی مضبوط معیشت اور بڑھتے ہوئے سرمایہ کاری کے مواقع کی عکاسی کرتی ہے۔

 

گلف نیوز کے مطابق 2026 میں یو اے ای میں انتہائی امیر افراد کی تعداد تقریباً 4,851 ہے جو 2031 تک بڑھ کر 6,588 تک پہنچنے کا امکان ہے۔

 

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس اضافے کی بڑی وجہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی، کاروباری مواقع، ٹیکس میں نرمی اور بہتر رہائشی سہولیات ہیں، جس کی وجہ سے امیر افراد تیزی سے امارات کا رخ کر رہے ہیں۔

 

خصوصی طور پر دبئی کو لگژری رہائشی جائیدادوں کے حوالے سے دنیا کا دوسرا تیزی سے ترقی کرنے والا شہر قرار دیا گیا ہے۔ 

 

گزشتہ سال دبئی میں لگژری پراپرٹی کی قیمتوں میں 25.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 

ماہرین کے مطابق یہ تیزی نہ صرف سرمایہ کاری کو بڑھا رہی ہے بلکہ متحدہ عرب امارات کو عالمی مالیاتی اور رہائشی مرکز کے طور پر مزید مضبوط بنا رہی ہے۔