تازہ ترین - 30 اپریل 2026
ُپاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز بحری بیڑے میں شامل
تازہ ترین - 30 اپریل 2026
پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کو چین میں باقاعدہ طور پر بحری بیڑے میں شامل کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کمیشننگ تقریب کے مہمانِ خصوصی صدرِ مملکت آصف علی زرداری تھے جبکہ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تقریب سے خطاب میں صدرِ مملکت آصف زرداری نے اسے پاک بحریہ کی جدت اور ترقی کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع، بحری مفادات کے تحفظ اور اقتصادی راہداریوں کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ اہم بحری راستوں میں رکاوٹ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے بڑا خطرہ ہے، ہنگور کلاس آبدوزیں جارحیت کو روکنے اور بحیرۂ عرب میں تجارتی گزرگاہوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کریں گی۔
انہوں نے 1971ء کی جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سابقہ ہنگور آبدوز نے دوسری جنگِ عظیم کے بعد پہلی بار دشمن کے بحری جہاز کو تباہ کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جدید ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہیں جن میں بغیر ہوا کے چلنے والا نظام، جدید سونار، خاموش ڈیزائن اور طویل زیرِ آب آپریشن کی صلاحیت شامل ہے۔
یہ کمیشننگ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط دفاعی تعاون کی ایک اور مثال قرار دی جا رہی ہے جبکہ قیادت کی جانب سے پوری قوم اور پاک بحریہ کو اس کامیابی پر مبارک باد دی گئی ہے۔
دیکھیں

