دنیا - 30 اپریل 2026
کچے کے علاقے کے لیے 23 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان
پاکستان - 30 اپریل 2026
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کچہ ایریا کی ترقی، امن و امان اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے 23 ارب روپے کے بڑے پیکیج کا اعلان کر دیا، جس میں انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت اور سیکیورٹی کے متعدد منصوبے شامل ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘ پروگرام شروع کرنے کا اعلان بھی کیا اور ہدایت کی کہ کچہ ایریا کے لوگوں کو 14 ہزار 500 ایکڑ سرکاری اراضی فراہم کی جائے تاکہ وہ زراعت کے ذریعے روزگار حاصل کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ کچہ کے علاقے میں گزشتہ 5 ماہ کے دوران کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا اور تاریخ میں پہلی بار حکومت کی رٹ مؤثر انداز میں قائم ہوئی ہے۔
اعلان کردہ پیکیج کے تحت 23 ارب روپے کی لاگت سے اسکول، اسپتال، سڑکیں اور پل تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ امن و امان کے قیام کے لیے 7.1 ارب روپے، سوشل انفراسٹرکچر کے لیے 13.9 ارب اور دیگر منصوبوں کے لیے 1.7 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کچہ ایریا میں ٹرانسپورٹ سہولیات، کلینک آن ویلز، موبائل وٹرنری اسپتال اور لیبارٹریز فراہم کرنے کی ہدایت بھی دی۔ اس کے ساتھ ساتھ جدید سولر انرجی سے چلنے والے ڈرونز کے ذریعے 24 گھنٹے نگرانی کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جبکہ پولیس گاڑیوں اور چیک پوسٹوں کو بھی سیف سٹی کیمروں سے منسلک کیا جائے گا۔
تعلیمی شعبے میں 65 سکولوں کی تعمیر و بحالی، 16 نئے اسکولوں اور 2 گرلز کالجز کے قیام کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 6551 طالبات کو اسکول میل ملک پیک، 300 طلبہ کو ہونہار اسکالرشپس اور 300 کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔
انفراسٹرکچر کے حوالے سے 108 کلومیٹر سولنگ اور 144 کلومیٹر سڑکوں پر مشتمل 27 منصوبے مکمل کیے جائیں گے، جبکہ مثالی گاؤں منصوبہ، سیوریج، ڈرینج اور سپورٹس پراجیکٹس بھی شروع کیے جائیں گے۔ مزید برآں 125 ملین روپے کی لاگت سے اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔
کچہ ایریا میں نادرا رجسٹریشن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ شہریوں کو کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ اور ب فارم کے اجرا میں آسانی ہو۔
سکیورٹی اقدامات کے تحت ناجائز اسلحہ کی واپسی کے لیے خصوصی پلان تیار کیا گیا ہے، جس میں اسلحہ جمع کرانے والوں کو اس کی نوعیت کے مطابق معاوضہ دیا جائے گا اور اس عمل کی ڈیجیٹل نگرانی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کچہ کی مرکزی سڑکوں کے اطراف لمبی فصلوں کی کاشت پر پابندی بھی عائد کر دی تاکہ سیکیورٹی خدشات کو کم کیا جا سکے۔
اپنے خطاب میں مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کچہ کے عوام کو بھی پنجاب کے دیگر علاقوں کی طرح ترقی اور خوشحالی کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ کچہ ایریا کو ایک محفوظ، مثالی اور ترقی یافتہ خطہ بنایا جائے گا جہاں کے لوگ باعزت روزگار حاصل کر سکیں گے۔
دیکھیں

