پاکستان کا سری لنکا کے خلاف تاریخی کلین سوئپ — وزیراعظم اور پی سی بی چیئرمین کی ٹیم کو مبارکباد

news-banner

کھیل - 17 نومبر 2025

پاکستان نے سری لنکا کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں 0-3 سے شکست دے کر شاندار کلین سوئپ مکمل کیا، جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

 

وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر اپنے پیغام میں کہا کہ گرین شرٹس نے بہترین ٹیم ورک اور کرکٹ کے ذریعے یکجہتی کی مثال قائم کی۔

 

 انہوں نے قومی ٹیم، پی سی بی چیئرمین محسن نقوی اور تمام کھلاڑیوں کی محنت کو سراہا، جبکہ سری لنکن ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا اور دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کو قابلِ قدر قرار دیا۔

 

اس سے قبل پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی مکمل برتری ثابت کی اور کلین سوئپ قوم کے لیے خوشخبری ہے۔

 

تیسرے ون ڈے میں پاکستانی بولرز نے زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے سری لنکا کو 211 رنز تک محدود رکھا۔ ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور محمد رضوان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ فخر زمان نے 55 رنز کی پُراعتماد اننگز کھیلتے ہوئے آٹھ چوکے لگائے، جبکہ محمد رضوان نے سمجھداری کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھایا۔

 

بابر اعظم اور فخر زمان نے دوسری وکٹ پر 74 رنز کی مضبوط شراکت قائم کی، جس نے ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا۔ بعد ازاں محمد رضوان اور حسین طلعت کی 50 رنز کی اہم پارٹنرشپ نے پاکستان کو باآسانی فتح کی جانب گامزن کر دیا۔