انٹرٹینمنٹ - 17 نومبر 2025
آزاد کشمیر میں بڑی سیاسی تبدیلی: چوہدری انوارالحق کا اعتماد ختم، فیصل ممتاز راٹھور نئے وزیراعظم منتخب
پاکستان - 17 نومبر 2025
آزاد کشمیر میں سیاسی منظرنامہ ڈرامائی طور پر بدل گیا ہے، جہاں وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گئی اور پیپلز پارٹی کے رہنما راجا فیصل ممتاز راٹھور نئے قائد ایوان منتخب ہو گئے۔
اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت اجلاس میں رائے شماری کرائی گئی جس میں 36 اراکین نے فیصل ممتاز راٹھور کے حق میں جبکہ 2 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ ایوان میں موجود 38 ارکان میں سے اکثریت نے تحریک کے حق میں فیصلہ دیا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی آزاد کشمیر نے عدم اعتماد کی کارروائی کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے اس عمل کا حصہ نہ بننے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ اگر پی ٹی آئی ٹکٹ پر منتخب کسی رکن نے تحریک کی حمایت کی تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پیپلز پارٹی نے پہلے ہی فیصل ممتاز راٹھور کو نیا قائد ایوان نامزد کر رکھا تھا، جبکہ مسلم لیگ ن نے تحریک عدم اعتماد کی حمایت تو کی مگر حکومت کا حصہ نہ بننے کا اعلان کیا۔
چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک جمع کرانے سے قبل پیپلز پارٹی کو ایوان میں فریال تالپور سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے وزرا کی شمولیت کے ذریعے سادہ اکثریت حاصل ہو گئی تھی۔
یہ آزاد کشمیر کی 5 سالہ آئینی مدت میں چوتھی بار ہے کہ وزارتِ عظمیٰ تبدیل ہوئی ہے۔
نئے وزیراعظم راجا فیصل ممتاز راٹھور کون ہیں؟
راجا فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے معروف سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ سابق وزیراعظم ممتاز حسین راٹھور کے صاحبزادے اور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیکریٹری جنرل ہیں۔ 2021 میں وہ دوسری مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے اور حالیہ اتحادی حکومت میں وزیر لوکل گورنمنٹ بھی رہے۔
فیصل راٹھور نرم خو، بردبار اور بااثر سیاسی شخصیت سمجھے جاتے ہیں، جبکہ پارٹی قیادت انہیں بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کا قابلِ اعتماد ساتھی مانتی ہے۔ ماہرین کے مطابق موجودہ سیاسی تناؤ اور ایکشن کمیٹی کی تحریک کے باعث وہ اس وقت وزیراعظم کے لیے سب سے موزوں انتخاب تھے۔
دیکھیں

