پاکستان - 19 نومبر 2025
برطانیہ میں سیاسی پناہ پالیسی میں بڑی تبدیلیاں متوقع
دنیا - 19 نومبر 2025
برطانوی سیکرٹری داخلہ شبانہ محمود نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ میں سیاسی پناہ سے متعلق پالیسی میں بڑی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں، جن کا مقصد غیر قانونی نقل مکانی کو جڑ سے ختم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے بڑے منصوبوں کی نقاب کشائی کرنے والی ہے جن کے نفاذ سے ملک کو غیر قانونی مہاجرین کے دباؤ سے محفوظ بنایا جا سکے گا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق مجوزہ اقدامات میں وہ افراد بھی شامل ہوں گے جنہیں پہلے ہی برطانیہ میں پناہ مل چکی ہے۔ انہیں مستقل رہائش کے لیے درخواست دینے سے قبل کم از کم 20 سال انتظار کرنا ہوگا۔
نئی پالیسی کے تحت ان افراد کی حیثیت کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، جبکہ ایسے ممالک کے شہری جنہیں اپنے وطن میں محفوظ سمجھا جاتا ہے، انہیں برطانیہ چھوڑنے کی ہدایت بھی کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب شیڈو ہوم سیکرٹری کرس فلپ نے دعویٰ کیا ہے کہ کنزرویٹو پارٹی ایک ہفتے کے اندر غیر قانونی تارکینِ وطن کو ملک بدر کر دے گی، جبکہ لبرل ڈیموکریٹ رہنما سر ایڈ ڈیوی نے مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی پناہ کے درخواست گزاروں کو کام کرنے کا حق دیا جائے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں اس لیے کی جا رہی ہیں تاکہ برطانیہ غیر قانونی تارکینِ وطن کے لیے کم پرکشش منزل ثابت ہو، کیونکہ چھوٹی کشتیوں کے ذریعے آنے والوں کی جانب سے پناہ کے دعوؤں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
دیکھیں

