دنیا - 25 نومبر 2025
پاکستان‘سعودی عرب سکیورٹی تعاون میں اہم پیشرفت، روہنگیا مسئلے پر بھی مفصل گفتگو
دنیا - 25 نومبر 2025
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور سعودی وزیرِ داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف کی ملاقات میں سکیورٹی امور، انسدادِ دہشت گردی تعاون اور دونوں ممالک کی وزارتِ داخلہ کے درمیان اشتراک کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ملاقات میں روہنگیا مسلمانوں کی قانونی حیثیت کے دیرینہ مسئلے پر بھی توجہ دی گئی، جو پاکستان اور سعودی عرب میں موجود روہنگیا پناہ گزینوں کو برسوں سے درپیش ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس مسئلے کے حل کے لیے جاری پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
گزشتہ ہفتے وزارتِ داخلہ نے بتایا تھا کہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی ملاقات میں روہنگیا مسلمانوں کی قانونی حیثیت کے مسئلے کے حل پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا تھا، اور اس حوالے سے ایک باضابطہ معاہدے پر دستخط رواں ہفتے سعودی عرب میں کیے جائیں گے۔
سعودی سفیر نے اس عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے کردار کو سراہا تھا۔
دفترِ خارجہ کے مطابق تازہ ملاقات میں سکیورٹی تعاون کو مزید مؤثر بنانے، پولیس اور نیم فوجی فورسز کے درمیان تربیتی تبادلوں، اور وزارتِ داخلہ کے ورکنگ گروپ کے دسمبر میں ہونے والے اجلاس پر اتفاق کیا گیا۔
سعودی وزیرِ داخلہ نے وفاقی کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز پر حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب ہر پاکستانی کا دوسرا گھر ہے اور پاکستان کو مملکت کے ساتھ اپنی دیرینہ اور مضبوط دوستی پر فخر ہے۔
دیکھیں

