دنیا - 25 نومبر 2025
بھارت کی سندھ طاس معاہدے سے مسلسل انحراف‘ پاکستان کیلئے پانی کے اعدادوشمار کا تبادلہ تقریباً بند
پاکستان - 25 نومبر 2025
بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہو گیا ہے، اور تازہ صورتحال کے مطابق بھارت نے پاکستان کے ساتھ دریاؤں کے پانی کے درست اعداد و شمار کا تبادلہ تقریباً ختم کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت اب صرف یہ بتاتا ہے کہ سیلابی ریلا اونچے درجے کا ہے یا نچلے درجے کا، مگر معاہدے کے تحت ضروری کیوسک میں پانی کے بہاؤ کی تفصیلات فراہم نہیں کرتا۔
وزارتِ آبی وسائل کے سیکرٹری نے انکشاف کیا کہ بھارت نے انڈس واٹر کمشنر کے باقاعدہ رابطے کا سلسلہ چھوڑ کر دفترِ خارجہ کے ذریعے معلومات دینا شروع کر دی ہیں، جو کہ معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
صحیح ڈیٹا نہ ملنے کی وجہ سے پاکستان کو سیٹلائٹ امیجز پر انحصار کرنا پڑتا ہے، جن میں تقریباً 25 فیصد تک فرق پایا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں سیلابی خطرات اور ممکنہ نقصان کا اندازہ لگانا مشکل ہو جاتا ہے۔
دفترِ خارجہ کے مطابق دونوں ممالک میں مئی کے بعد بڑھتی کشیدگی کے دوران بھارت نے اگست اور ستمبر میں 18 مرتبہ رابطہ کیا اور 18 نوٹ وربیل بھیجے، مگر اس میں بھی مطلوبہ تفصیلات موجود نہیں تھیں۔
حکام کے مطابق بھارت کا یہ طرزِ عمل سندھ طاس معاہدے کی سنجیدہ خلاف ورزی ہے، اور انڈس واٹر کمشنر کے باضابطہ چینل کو نظرانداز کرنے سے پاکستان کی واٹر مینجمنٹ اور قبل از وقت حفاظتی اقدامات شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
دیکھیں

