اسلام آباد کچہری خودکش حملہ: منصوبہ افغانستان میں بنا، 48 گھنٹوں میں ملزمان گرفتار ‘ عطا تارڑ

news-banner

پاکستان - 25 نومبر 2025

وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ جی الیون کچہری کے باہر ہونے والے خودکش حملے کے تمام مرکزی ملزمان کو 48 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

 

 ان کے مطابق انٹیلیجنس بیورو اور سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان ساجد اللّٰہ عرف شینا، کامران خان، محمد ذالی اور شاہ منیر کو حراست میں لیا۔

 

عطا تارڑ نے بتایا کہ خودکش حملہ آور افغان شہری عثمان شنواری تھا جو ننگرہار کا رہائشی ہے، جبکہ حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں موجود تحریک طالبان کے سرغنہ نور ولی محسود نے کی۔

 

 انہوں نے کہا کہ ساجد اللّٰہ 2015 سے تحریک طالبان افغانستان سے وابستہ رہا اور افغانستان کے مختلف ٹی ٹی پی ٹریننگ کیمپس میں تربیت بھی حاصل کی۔

 

وزیر اطلاعات کے مطابق ساجد اللّٰہ ہی وہ شخص تھا جو خودکش جیکٹ اور حملہ آور کو اسلام آباد لایا۔ دہشت گردوں کا اصل ٹارگٹ راولپنڈی اور اسلام آباد کے حساس مقامات تھے مگر سخت سیکیورٹی کی وجہ سے وہ اپنے ہدف تک نہ پہنچ سکے اور مضافاتی علاقے میں حملہ کیا گیا۔

 

انہوں نے کہا کہ 2023 میں ساجد اللّٰہ نے داد اللّٰہ نامی کمانڈر سے ملاقات کی جس کے ذریعے حملے کا پورا منصوبہ ترتیب دیا گیا۔ پریس کانفرنس کے دوران ساجد اللّٰہ کا اعترافی بیان بھی جاری کیا گیا۔

 

عطا تارڑ نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی ایجنسیاں مکمل طور پر الرٹ ہیں اور یہ گرفتاری ایک بڑی کامیابی ہے جو دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام تر اقدامات جاری رہیں گے۔