عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ جیل سے چلنے کا تاثر غلط، اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کا اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب

news-banner

پاکستان - 25 نومبر 2025

عمران خان کے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ کو بند کرنے کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اپنا تفصیلی جواب جمع کرایا ہے۔ جیل حکام نے واضح کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ جیل سے آپریٹ ہونے کا تاثر مکمل طور پر غلط اور بے بنیاد ہے۔

 

سپرنٹنڈنٹ کے مطابق عمران خان سخت نگرانی میں ہیں اور ان کے پاس موبائل فون یا کسی ممنوعہ الیکٹرانک ڈیوائس تک رسائی ناممکن ہے۔ جواب میں بتایا گیا کہ اڈیالہ جیل میں سگنل جامرز نصب ہیں، جن کے باعث موبائل سروس جیل کے اندر اور اطراف میں مکمل طور پر بند رہتی ہے۔

 

سپرنٹنڈنٹ نے مزید کہا کہ عمران خان اور ان کے اسٹاف کی باقاعدگی سے تلاشی لی جاتی ہے، اس لیے جیل رولز کے تحت ممنوعہ سہولت تک رسائی ممکن نہیں۔ جیل رول 265 کے مطابق قیدی کو سیاسی گفتگو کی اجازت نہیں، تاہم جیل ٹرائل کے دوران بعض اوقات وکلا اور فیملی سیاسی گفتگو شروع کر دیتے ہیں۔

 

جواب کے مطابق ماضی میں سیاسی ہدایات کے باعث بعض مواقع پر حالات کشیدہ ہوئے، مگر موجودہ ایکس اکاؤنٹ جیل سے نہیں چلایا جا رہا۔ جیل حکام نے مؤقف اپنایا کہ عمران خان کے اکاؤنٹ کو باہر سے کوئی چلا رہا ہے، کیونکہ جیل میں نہ موبائل کی سہولت ہے اور نہ انٹرنیٹ کی رسائی۔