دنیا - 25 نومبر 2025
ہر 10 منٹ بعد ایک عورت قتل,اقوام متحدہ کی رپورٹ میں دل دہلا دینے والے انکشافات
دنیا - 25 نومبر 2025
اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں خواتین کے قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال ہر 10 منٹ بعد ایک عورت اپنے ہی قریبی شخص کے ہاتھوں قتل ہوئی۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم اور یو این ویمن کی تازہ رپورٹ کے مطابق 2024 میں تقریباً 50 ہزار خواتین اور لڑکیوں کو ان کے شوہروں، شریکِ حیات یا خاندان کے افراد نے قتل کیا۔
خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر جاری اس رپورٹ میں بتایا گیا کہ دنیا بھر میں قتل ہونے والی 60 فیصد خواتین وہ تھیں جنہیں قریبی رشتہ داروں نے ہی موت کے گھاٹ اتاراجبکہ مردوں کے قتل کے صرف 11 فیصد کیسز میں قاتل کوئی اپنا ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 117 ممالک سے حاصل شدہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ یہ 50 ہزار کا خوفناک عدد روزانہ 137 خواتین یا ہر 10 منٹ میں ایک قتل کے برابر ہے۔
2023 کے مقابلے میں معمولی کمی صرف ڈیٹا کی دستیابی کے فرق کا نتیجہ قرار دی گئی ہے۔
اقوام متحدہ نے خبردار کیا کہ خواتین اور لڑکیوں کے قتل کے واقعات میں کسی بہتری کا کوئی واضح اشارہ نہیں مل رہا۔
گھریلو ماحول آج بھی خواتین کے لیے سب سے خطرناک جگہ ثابت ہورہا ہے۔ گزشتہ سال سب سے زیادہ 22 ہزار قتل افریقہ میں ریکارڈ کیے گئے۔
یو این ویمن کی پالیسی ڈویژن کی ڈائریکٹر سارہ ہینڈریکس کے مطابق فیما سائیڈ کوئی الگ واقعہ نہیں بلکہ عموماً تشدد کے اس سلسلے کا آخری قدم ہوتا ہے جو کنٹرول، دھمکیوں، ہراسانی اور حتیٰ کہ آن لائن بدسلوکی سے شروع ہوتا ہے۔
دیکھیں

