چینی گاڑیاں پاکستانی آٹو مارکیٹ میں جاپانی اجارہ داری کو چیلنج کر رہی ہیں

news-banner

تازہ ترین - 25 نومبر 2025

عبدالرزاق باجوہ جو کبھی ٹویوٹا پاسو کار چلاتے تھے، وقت کے ساتھ اپنے خاندان کے بڑھنے پر بڑی اور جدید گاڑی کی تلاش میں تھے۔

 

 انہوں نے کرولا خریدی، لیکن جب یہ بھی کافی نہ ہوئی تو دل سیون سیٹر گاڑی خریدنے کا چاہا، مگر جیب نے اجازت نہیں دی۔

 

انہوں نے کہا کہ دنیا آٹو انڈسٹری میں ترقی کر رہی تھی، مگر ہمیں مہنگی گاڑیاں خریدنے پر مجبور کیا جاتا رہا جو جدید سہولیات سے خالی تھیں۔

 

 پھر چین نے وہی گاڑیاں مارکیٹ میں متعارف کرائیں جو جاپان کی 60 لاکھ کی گاڑیوں کے برابر تھیں مگر زیادہ سہولت کے ساتھ۔

 

چینی کمپنیوں نے کراس اوور SUVs، کمپیکٹ سیڈان اور الیکٹرک گاڑیاں پاکستان میں متعارف کرائی ہیں، جن میں جدید سیفٹی فیچرز، ڈیجیٹل ڈیش بورڈ اور پینورامک سن روف شامل ہیں۔ یہ گاڑیاں مسابقتی قیمت پر دستیاب ہیں اور صارفین کے لیے زیادہ متبادل فراہم کرتی ہیں۔

 

حاجی محمد شہزاد، چیئرمین آل پاکستان موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اسی قیمت پر جاپانی گاڑی کی بجائے چینی گاڑی میں زیادہ سہولت اور فیول ایوریج بہتر ہے۔

 

سینیئر صحافی محمد حمزہ گیلانی نے کہا کہ چین نے EV ٹیکنالوجی میں دنیا میں لیڈ حاصل کرلی ہے اور مستقبل میں فیول یا ہائبرڈ گاڑیوں کی جگہ EVs لے لیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب مارکیٹ اسی کمپنی کی ہے جو کم قیمت پر زیادہ سہولت اور جدید ٹیکنالوجی پیش کرے گی۔