کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز نے پی ایس ایل فرنچائز معاہدے کی 10 سالہ تجدید کر دی

news-banner

کھیل - 25 نومبر 2025

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائزز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز نے لیگ کے ساتھ 10 سالہ معاہدے کی تجدید کر لی ہے۔

 

 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی سالانہ فیس 34 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے اور فرنچائز کی اونر شپ اگلے 10 سال کے لیے ندیم عمر کے پاس برقرار رہے گی۔

 

پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے معاہدے کی تجدید پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ندیم عمر کی پی ایس ایل کے لیے خدمات قابلِ ستائش ہیں اور ان کا اعتماد لیگ کی بڑھتی ہوئی ساکھ کا ثبوت ہے۔

 

 

اسی طرح، کراچی کنگز نے بھی 10 سال کے لیے معاہدے کی تجدید کی، جس کی مارکیٹ ویلیو ای اینڈ وائی مینا نے مقرر کی۔ 

 

پی سی بی کے مطابق کراچی کنگز کی جانب سے معاہدے کی تجدید لیگ کی مضبوطی اور وقار میں اضافے کا ثبوت ہے۔

 

 پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ اگلی دہائی میں بھی کراچی کنگز کے ساتھ کام کرنا اعزاز ہوگا، یہ ٹیم 2020 کی چیمپئن بھی رہ چکی ہے اور آج بھی مقبول ترین فرنچائز ہے۔

 

یاد رہے کہ پہلے پشاور زلمی اور لاہور قلندرز نے اپنے معاہدے اگلے 10 سال کے لیے خریدے تھے۔ 

 

10 سال مکمل ہونے کے بعد فرنچائزز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد لاہور قلندرز 67 کروڑ، کراچی کنگز 64 کروڑ، پشاور زلمی 49 کروڑ، اسلام آباد یونائیٹڈ 48 کروڑ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 34 کروڑ روپے سالانہ پی سی بی کو دیں گے۔

 

تاہم، ملتان سلطانز کے لیے اب تک نیا معاہدہ جاری نہیں ہوا، جس سے قیاس کیا جا رہا ہے کہ فرنچائز کی ملکیت میں تبدیلی آ سکتی ہے۔