امریکی قونصل جنرل نے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں یو ایس اے ٹیم کی فتح پر کھلاڑیوں کو مبارکباد دی

news-banner

کھیل - 25 نومبر 2025

کراچی: امریکی قونصل جنرل چارلس گُڈمن نے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں امریکا اور سری لنکا کے درمیان انٹرنیشنل ماسٹرز کرکٹ اوور 40 ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں شرکت کی اور یو ایس اے ٹیم کی فتح پر کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔

 

ٹورنامنٹ میں 12 بین الاقوامی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جو 21 نومبر سے یکم دسمبر تک کراچی کے پانچ مختلف اسٹیڈیمز میں 42 میچز کھیلے گی۔

 

 امریکا اور سری لنکا کے درمیان میچ یو ایس اے کی فتح کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جس میں سندھ بھر سے “انگلش ایکسس” پروگرام کے 500 سے زائد طلبہ نے لطف اٹھایا۔

 

قونصل جنرل گُڈمن نے کمنٹری باکس سے براہِ راست میچ پر تبصرہ کیا اور بعد ازاں ٹرافیاں تقسیم کیں۔

 

 انہوں نے کہا کہ کھیل تعلقات کو مضبوط کرتے ہیں اور سرحدوں، ثقافتوں اور قوموں کو جوڑنے کا ذریعہ ہیں۔

 

 امریکی مشن پاکستان میں نوجوانوں کو جوڑنے اور باہمی شراکت داری کو فروغ دینے والی سرگرمیوں کی حمایت کرتا ہے، اور یہ میچ اس کا عملی ثبوت ہے۔

 

واضح رہے کہ پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر انتظام اس سیریز میں سابق ٹیسٹ اور فرسٹ کلاس کرکٹرز دوبارہ میدان میں اتر رہے ہیں۔ 

 

یو ایس اے ٹیم کی قیادت کپتان محمد فَرّخ اور نائب کپتان ذیشان محمد کر رہے ہیں۔ امریکی ٹیم کی شرکت امریکا کے ’’میگا ڈیکیڈ آف اسپورٹس‘‘ کا حصہ بھی ہے، جو 2026 ورلڈ کپ اور 2028 لاس اینجلس اولمپکس کی تیاریوں سے منسلک ہے۔