ایران کے سیکرٹری نیشنل سکیورٹی کونسل کی پاکستان میں اعلیٰ سطح ملاقاتیں

news-banner

دنیا - 25 نومبر 2025

ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر علی اردشیر لاریجانی پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں اور انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

 

وزیراعظم سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے تاریخی اور قریبی تعلقات پر زور دیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر بات کی۔ 

 

وزیراعظم نے علاقائی مسائل پر ایران کے اصولی موقف اور مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ایران کی یکجہتی کو سراہا اور پرامن و خوشحال مستقبل کے لیے تعاون کا عزم دہرایا۔

 

ڈاکٹر لاریجانی نے حالیہ 12 روزہ جنگ کے دوران ایران کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔

 

 ملاقات میں خطے میں امن و استحکام کے لیے مربوط کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

 

صدر مملکت سے ملاقات میں ڈاکٹر لاریجانی نے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کے نیک خواہشات بھی پہنچائیں۔

 

 صدر آصف علی زرداری نے ایران کی حالیہ حمایت، انسانی امداد اور فلسطین و کشمیر کے عوام کے لیے اصولی موقف کو سراہا اور دوطرفہ تجارت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

 

ملاقات کے دوران پاکستان-ایران ریلوے لنک اور ایران-پاکستان گیس پائپ لائن کے فروغ، توانائی ضروریات، تجارت اور زائرین کی سہولت پر بات ہوئی۔

 

ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے بعد پاکستانی مصنوعات کو ایران میں ترجیحی رسائی دینے کے اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا، جس سے 10 ارب ڈالر کی دوطرفہ تجارت کے ہدف کی طرف پیش رفت کی راہ ہموار ہوگی۔

 

دونوں ممالک نے علاقائی و بین الاقوامی صورتحال، سلامتی اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے سینئر حکام شریک تھے۔