پاکستان کی بھارت میں بابری مسجد کی جگہ رام مندر پر پرچم لہرانے پر گہری تشویش

news-banner

دنیا - 25 نومبر 2025

پاکستان نے بھارت میں بابری مسجد کی جگہ رام مندر پر پرچم لہرانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

 

 دفترِ خارجہ کے ترجمان نے وفاقی دارالحکومت سے جاری بیان میں کہا کہ ہندوستان میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا پر عالمی برادری کو فوری توجہ دینی چاہیے۔

 

ترجمان نے بتایا کہ بابری مسجد صدیوں پرانی عبادت گاہ تھی، جسے 6 دسمبر 1992 کو انتہا پسندوں نے منہدم کیا۔ بعد ازاں بھارتی عدالت نے ملزمان کو بری کر دیا اور حکومت نے مندر کی تعمیر کی اجازت دی۔


دفترِ خارجہ نے خبردار کیا کہ بھارت میں دیگر تاریخی مساجد بھی ایسی بے حرمتی کے خطرات سے دوچار ہیں اور یہ امتیازی رویہ اقلیتوں کے ساتھ برتاؤ کا واضح آئینہ ہے۔

 

ترجمان نے کہا کہ بھارتی مسلمانوں کو سماجی، معاشی اور سیاسی پسماندگی کا سامنا ہے اور عالمی برادری کو بھارت میں اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر اور حملوں کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔


انہوں نے اقوام متحدہ سے بھی مطالبہ کیا کہ بھارت میں اسلامی ورثے کے تحفظ اور تمام مذہبی برادریوں کے حقوق کو یقینی بنایا جائے۔