دنیا - 09 دسمبر 2025
پاکستان کا دو ٹوک مؤقف: 4 نومبر سے 4910 آپریشنز، 206 دہشتگرد ہلاک‘ افغان طالبان رجیم سہولتکار قرار
پاکستان - 29 نومبر 2025
ترجمان پاک فوج کے مطابق 4 نومبر 2025 سے اب تک 4910 انٹیلی جینس بیسڈ آپریشنز کیے گئے جن میں 206 دہشتگرد مارے گئے۔ رواں سال مجموعی آئی بی اوز کی تعداد 67 ہزار سے تجاوز کر گئی جن میں 1873 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جن میں 136 افغان بھی شامل ہیں۔ صوبائی سطح پر خیبر پختونخوا میں 12,857 جبکہ بلوچستان میں 53,309 آپریشنز کیے گئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سینیئر صحافیوں سے گفتگو میں ملکی سلامتی، بارڈر مینجمنٹ اور دہشتگردی مخالف حکمت عملی پر اہم حقائق پیش کیے۔ انہوں نے بتایا کہ پاک افغان سرحد 1229 کلومیٹر پر مشتمل ہے اور 20 کراسنگ پوائنٹس پر مؤثر نگرانی ایک بڑا چیلنج ہے، جبکہ سرحد کے دونوں اطراف بٹے ہوئے دیہات صورتحال کو مزید پیچیدہ کرتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ افغان طالبان رجیم دہشتگرد گروہوں کی سہولتکار ہے، اور پاکستان نے ان کے ٹھکانوں، قیادت، اسلحے اور فنڈنگ کے واضح شواہد فراہم کیے ہیں۔ پاکستان کا مطالبہ ہے کہ طالبان اپنی سرزمین دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔
ترجمان نے بتایا کہ افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل میں 2024 میں 366,704 جبکہ 2025 میں 971,604 افراد واپس جا چکے ہیں، صرف نومبر میں 239,574 افراد نے وطن واپسی کی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی ملک نے افغان طالبان کو فوجی ساز و سامان فراہم کیا تو وہ براہِ راست دہشتگرد گروہوں تک پہنچے گا۔
انڈین آرمی چیف کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جس "ٹریلر" میں سات جہاز گر جائیں اور S-400 سمیت متعدد بھارتی تنصیبات تباہ ہو جائیں، وہ ان کیلئے خوفناک فلم ثابت ہوگی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان مخالف بیانیہ پھیلانے والے زیادہ تر ایکس اکاؤنٹس بیرون ملک سے چل رہے ہیں، جن کا مقصد پاکستانی سیاست اور داخلی معاملات کو نقصان پہنچانا ہے۔
نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کی صورتحال بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مربوط اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں بہتری کی ضرورت ہے۔ ایرانی ڈیزل اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن سے روزانہ 20.5 ملین لیٹر سے کم ہو کر 2.7 ملین لیٹر رہ چکی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح پیغام دیا کہ پاکستان کے نزدیک اچھے یا برے دہشتگرد کی کوئی تفریق نہیں — ’’ہمارے نزدیک صرف وہ اچھا دہشتگرد ہے جو جہنم واصل ہوچکا ہو۔‘‘
دیکھیں

