امریکا نے 19 ممالک کے شہریوں کی امیگریشن درخواستوں کی کارروائی عارضی طور پر روک دی

news-banner

دنیا - 03 دسمبر 2025

امریکا نے 19 مختلف ممالک کے تارکینِ وطن کی امیگریشن درخواستوں پر عملدرآمد روک دیا ہے۔

 

 نیویارک ٹائمز کے مطابق، جن درخواستوں کو روکا گیا ہے ان میں گرین کارڈ اور امریکی شہریت حاصل کرنے کی درخواستیں بھی شامل ہیں۔

 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پابندی ان ممالک کے شہریوں پر لاگو ہوتی ہے جن پر ٹرمپ انتظامیہ نے جون میں یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز کے تحت امیگریشن اسٹیٹس حاصل کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔

 

جن ممالک کے شہریوں کی درخواستیں روک دی گئی ہیں ان میں افغانستان، صومالیہ، ایران، لیبیا، میانمار، سوڈان، ترکمانستان، یمن اور دیگر شامل ہیں۔ ان ممالک کے درخواست گزاروں کی تمام کیس فائلوں پر حتمی منظوری یا مسترد کیے جانے کے فیصلے فی الحال معطل کر دیے گئے ہیں۔

 

یہ اقدام گزشتہ ہفتے واشنگٹن ڈی سی میں ایک افغان شہری کی جانب سے نیشنل گارڈز پر فائرنگ کے واقعے کے بعد اٹھایا گیا، جس کے بعد صدر ٹرمپ نے سخت ترین امیگریشن اقدامات کی ہدایت کی۔ 

 

حکام کے مطابق، سکیورٹی ادارے خاص طور پر افغان شہریوں کی اسکریننگ اور ان کی آن لائن سرگرمیوں کی نگرانی مزید سخت کر رہے ہیں۔