پی سی بی کا نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں پی ایس ایل اور انٹرنیشنل میچز کرانے کا عندیہ

news-banner

کھیل - 03 دسمبر 2025

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عندیہ دیا ہے کہ حیدرآباد کے تاریخی نیاز اسٹیڈیم میں مستقبل میں پی ایس ایل سمیت انٹرنیشنل کرکٹ میچز کرائے جاسکتے ہیں۔

 

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک خرم نیازی نے نیاز اسٹیڈیم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسٹیڈیم کی موجودہ صورتحال کو پہلے سے بہتر قرار دیا اور بتایا کہ اسٹیڈیم میں لائٹنگ کا کام بھی مکمل ہوچکا ہے۔

 

رپورٹس کے مطابق خرم نیازی نے کہا کہ اگر میئر حیدرآباد نیاز اسٹیڈیم کو باضابطہ طور پر پی سی بی کے سپرد کرنے کا معاہدہ کر دیں تو بورڈ بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر و بحالی کے کام کا آغاز کردے گا۔

 

میئر حیدرآباد کاشف شورو نے اسٹیڈیم پی سی بی کے حوالے کرنے کی یقین دہانی بھی کروادی ہے۔

 

کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ نیاز اسٹیڈیم کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرکے دوبارہ کرکٹ کی سرگرمیاں شروع کی جاسکتی ہیں، جس کے لیے سنجیدہ کوششوں اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

 

واضح رہے کہ نیاز اسٹیڈیم اپنی منفرد تاریخ رکھتا ہے اور پاکستانی ٹیم یہاں کبھی شکست سے دوچار نہیں ہوئی۔

 

 جنوری 2008 میں پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے کر اس اسٹیڈیم میں اپنی ناقابلِ شکست روایت برقرار رکھی تھی۔