تازہ ترین - 14 دسمبر 2025
سندھ حکومت نے گندم کاشتکاروں کی تصدیق کے لیے ویریفکیشن سروے کا آغاز کر دیا
کاروبار - 03 دسمبر 2025
محکمہ زراعت سندھ نے گندم کے کاشتکاروں کی تصدیق کے لیے صوبے بھر میں ویریفکیشن سروے کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ اقدام سندھ ویٹ گروورز سپورٹ پروگرام 2025 کے تحت کیا جا رہا ہے۔ سروے ٹیمیں مختلف اضلاع میں جا کر کسانوں کے فراہم کردہ اعداد و شمار، کاشت شدہ رقبے اور زرعی سرگرمیوں کا موقع پر جائزہ لے رہی ہیں۔
اس سال سروے کو زیادہ منظم اور مؤثر بنانے کے لیے اضافی عملہ تعینات کیا گیا ہے، اور ڈیجیٹل فارم متعارف کرایا گیا ہے جس سے موقع پر حاصل ہونے والا ڈیٹا فوری طور پر مرکزی سرور میں منتقل ہو جائے گا، جس سے ہیرا پھیری کا امکان ختم ہو جائے گا۔
محکمہ زراعت نے واضح کیا ہے کہ اس عمل کا مقصد صرف اصل اور فعال گندم کاشتکاروں کی شناخت کرنا ہے تاکہ سبسڈی اور دیگر حکومتی مراعات صحیح افراد تک پہنچ سکیں۔
کسانوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ سروے ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور ضروری دستاویزات جیسے ڈی اے پی انوائس، شناختی کارڈ، زمین کا ریکارڈ یا کاشت کا ثبوت ساتھ رکھیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ غلط معلومات فراہم کرنے یا تعاون نہ کرنے کی صورت میں سبسڈی کلیم مسترد ہو سکتا ہے اور آئندہ کے حکومتی زرعی پروگراموں میں شمولیت میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
سروے کے دوران پانی کی دستیابی، بیج کے معیار اور دیگر زرعی سرگرمیوں کا بھی ریکارڈ رکھا جائے گا تاکہ آئندہ سال بہتر منصوبہ بندی کی جا سکے۔
مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے سندھ ویٹ گروورز سپورٹ پروگرام 2025 کی ہیلپ لائن 0311-1646111 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے یا قریبی ایگری کلچر ایکسٹینشن آفس سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
دیکھیں

