زینڈایا اور ٹام ہالینڈ کی خفیہ شادی؟ اسٹائلسٹ کے دعوے نے مداحوں میں ہلچل مچا دی

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 02 مارچ 2026

ہالی ووڈ کے اداکار زینڈایا اور ٹام ہالینڈ کی نجی زندگی پھر سے خبروں کی زینت بن گئی ہے، جہاں ایک نئے دعوے نے مداحوں میں چہ مگوئیاں بڑھا دی ہیں کہ شاید یہ جوڑا منگنی کے بعد خفیہ طور پر شادی کر چکا ہے۔

 

اداکارہ کے معروف اسٹائلسٹ لا روچ نے یکم مارچ کو ایک ایوارڈ تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو میں کہا، ’’شادی تو پہلے ہی ہوچکی ہے، آپ لوگ بس اس سے محروم رہ گئے۔‘‘ 

 

رپورٹر کے مزید سوال پر انہوں نے اپنا بیان دوبارہ دہرایا اور بات ختم کر دی۔

 

اس کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں میں جوش و خروش پھیل گیا، تاہم جوڑے کے نمائندوں کی جانب سے ابھی تک کسی باضابطہ تصدیق یا تردید کا اعلان نہیں ہوا۔ 

 

کچھ مداحوں نے یہ بھی نوٹ کیا کہ زینڈایا حال ہی میں منگنی کی انگوٹھی کے بجائے سادہ سنہری بینڈ پہنے نظر آئیں، جس سے قیاس آرائیوں کو مزید تقویت ملی۔

 

زینڈایا اور ہالینڈ کی پہلی ملاقات 2016 میں فلم Spider-Man: Homecoming کے سیٹ پر ہوئی۔

 

 جولائی 2021 میں لاس اینجلس میں ایک ساتھ دیکھے جانے کے بعد ان کے تعلقات کی خبریں سامنے آئیں، جبکہ گزشتہ سال گولڈن گلوب ایوارڈ کے موقع پر زینڈایا کی انگلی میں ہیروں کی انگوٹھی دیکھنے کے بعد منگنی کی افواہیں گردش کرنے لگیں، جس کی بعد میں تصدیق بھی ہوئی۔ تب سے دونوں اپنی ذاتی زندگی کو زیادہ تر نجی رکھے ہوئے ہیں، اور یہی خاموشی اب خفیہ شادی کی ممکنہ خبروں کو مزید دلچسپ بنا رہی ہے۔