تازہ ترین - 02 مارچ 2026
ہانگ کانگ کی تاریخ کی ہولناک آتشزدگی: حفاظتی جالی غیر معیاری، حکام نے فوری ہٹانے کا حکم جاری
دنیا - 04 دسمبر 2025
ہانگ کانگ حکام نے اعلان کیا ہے کہ زیرِ تعمیر یا مرمتی کام کے دوران عمارتوں پر لگائی گئی اسکافولڈنگ میش کو ہفتے تک ہٹا دیا جائے، کیونکہ گزشتہ بدھ کو وانگ فُک کورٹ ہاؤسنگ کمپلیکس میں دہائیوں کی بدترین آگ کے بعد تحقیقات تیز کر دی گئی ہیں۔
اب تک اس سانحے میں 159 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 31 افراد اب بھی لاپتا ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ عمارت کے بیرونی حصے میں لگی حفاظتی جالی شعلہ برداشت معیار پر پوری نہیں اترتی تھی۔
ترقیاتی سیکریٹری برنیڈیٹ لن ہون ہو نے بتایا کہ اگلے ہفتے تعمیراتی مواد، خصوصاً اسکافولڈنگ میں استعمال ہونے والی جالی کے لیے نئے ٹیسٹنگ معیار جاری کیے جائیں گے۔
ہانگ کانگ میں اس وقت تقریباً 200 نجی رہائشی عمارتیں اور 10 سرکاری رہائشی بلاکس مرمتی کام کے مراحل میں ہیں۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق، اس حکومتی حکم سے تقریباً 300 عمارتیں متاثر ہوں گی۔
لن نے کہا:
"ہم ناقص جالی استعمال کرنے والے ٹھیکے داروں کا مکمل احتساب کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جالی کے نمونے ٹیسٹنگ کے لیے لے لیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق آگ میش نیٹنگ اور دیگر آتش گیر مواد کے باعث تیزی سے ایک ٹاور سے دوسرے ٹاور میں پھیلی۔
پولیس نے غیر ارادی قتل (manslaughter) کے شبے میں کم از کم 15 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
بدھ کے روز پولیس نے بتایا کہ انہوں نے تمام سات متاثرہ ٹاورز کے اندرونی حصے کی تلاشی مکمل کر لی ہے اور اب گرے ہوئے بانس کے ڈھانچے میں بھی لاشیں تلاش کی جائیں گی۔
پولیس کمشنر جو چاؤ کے مطابق:
"ابھی کام مکمل نہیں ہوا… ہمیں دیکھنا ہے کہ کہیں گرے ہوئے بانس کے نیچے کوئی لاش تو نہیں دب گئی۔
ریڈیو ٹیلی ویژن ہانگ کانگ کے مطابق، ہلاک ہونے والوں میں 49 مرد اور 91 خواتین شامل ہیں، جن کی عمریں ایک سال سے لے کر 97 سال تک تھیں۔
159 میں سے 140 لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔
ایک معمر جوڑا، جس کا گھر آگ میں جل گیا تھا، بدھ کے روز اپنی بیٹی کے ساتھ جائے حادثہ پر واپس آیا۔
خاتون نے بتایا:
"سب کچھ ایک دو گھنٹے میں ختم ہو گیا… ایک کے بعد ایک بلاک جلتا گیا، اور میں بے بسی سے دیکھتی رہی۔ مجھے آج بھی سمجھ نہیں آتا کہ آگ اتنی تیزی سے کیسے پھیلی۔
ان کی بیٹی بانی نے کہا:
"ہم چاہتے ہیں کہ حقیقت سامنے آئے — چاہے اس میں کوئی غفلت ہو، بدعنوانی ہو یا کوئی چھپی ہوئی سازش۔"
دیکھیں

