تازہ ترین - 02 مارچ 2026
ایئرسیال کی ابوظہبی سے لاہور اور اسلام آباد کے لیے براہِ راست پروازیں شروع، پاکستانی کمیونٹی اور کاروبار کے لیے سہولت
دنیا - 04 دسمبر 2025
متحدہ عرب امارات کے ابوظہبی ایئرپورٹس نے اعلان کیا ہے کہ ایئرسیال نے لاہور اور اسلام آباد کے لیے براہِ راست پروازوں کا آغاز کر دیا ہے، جس سے یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے سفر مزید آسان ہو جائے گا۔
ایئرسیال ابوظہبی کے زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے لاہور کے لیے ہفتہ وار 3 اور اسلام آباد کے لیے ہفتہ وار 4 پروازیں چلائے گی۔ ابوظہبی ایئرپورٹس کے مطابق یہ نئے روٹس پاکستان اور یو اے ای کے درمیان مضبوط اقتصادی و سماجی روابط کی علامت ہیں۔
افتتاحی پرواز گزشتہ روز زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، جہاں 12 منٹ کے اندر ’گیٹ ٹو کرب‘ سہولت اور 160 سے زائد ریٹیل آؤٹ لیٹس مسافروں کو بہترین سہولت فراہم کرتے ہیں۔
ابوظہبی ایئرپورٹس کی مینیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او ایلینا سورلینی نے ایئرسیال کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ نیا روٹ ان کے اسٹریٹجک وژن کے عین مطابق ہے۔
ایئرسیال کے چیئرمین فضل جیلانی کے مطابق یہ براہِ راست پروازیں پاکستانی کمیونٹی اور کاروباری طبقے کے لیے اہم اور سہل سفری سہولت فراہم کریں گی اور پاکستان–یو اے ای تعلقات کو مزید مضبوط کریں گی۔
سیالکوٹ کی کاروباری برادری کی معاونت سے قائم ہونے والی ایئرسیال اب زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نیٹ ورک میں شامل ہو گئی ہے، جو اسے عالمی سطح پر ایک اہم گیٹ وے کے طور پر نمایاں کرتی ہے۔
قبل ازیں، اتحاد ایئرویز نے رواں برس 29 ستمبر سے ابوظہبی سے پشاور کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کی تھیں، اور ایئرعربیہ نے 17 جولائی 2025 سے سیالکوٹ کے لیے ہفتہ وار 3 براہِ راست پروازیں شروع کی ہیں۔
فلائی دبئی بھی دبئی سے پاکستان کے مختلف شہروں کے لیے براہِ راست پروازیں فراہم کر رہی ہے۔
دیکھیں

