خیبرپختونخوا میں غیر قانونی افغان شہریوں کی وطن واپسی میں سست روی پر محکمہ داخلہ کا کارروائیاں تیز کرنے کا حکم

news-banner

دنیا - 04 دسمبر 2025

خیبرپختونخوا میں غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی کے عمل میں سست روی کے نوٹس پر محکمہ داخلہ نے صوبے کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کارروائیاں فوری طور پر تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

 

محکمہ داخلہ نے کہا کہ صوبے میں غیر قانونی افغان شہریوں کے خلاف مؤثر آپریشن نہ ہونے پر شدید برہمی ہے۔ پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ کرائے کے گھروں میں مقیم افغان شہریوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔

 

محکمہ داخلہ کے مطابق افغان مہاجرین کے لیے قائم کیمپ صوبائی حکومت کے لیے مالی بوجھ بن چکے ہیں، اس لیے انہیں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مزید اخراجات سے بچا جا سکے۔

 

مزید کہا گیا کہ غیر قانونی افغان شہریوں کا مکمل ڈیٹا ضلعی پولیس افسران کو فراہم کر دیا گیا ہے اور جہاں ڈیٹا مرتب ہو چکا ہے، وہاں متعلقہ محکموں کے ذریعے کارروائیاں شروع کی جائیں گی۔

 

واضح رہے کہ صوبے بھر میں غیر قانونی افغان باشندوں کے انخلا کا عمل بہت سست ہے، جس پر محکمہ داخلہ نے تمام اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کی ہیں۔