شمال مغربی انگلینڈ میں 3.3 شدت کا زلزلہ، گھروں میں جھٹکے اور زور دار دھماکے کی آوازیں رپورٹ

news-banner

دنیا - 04 دسمبر 2025

برٹش جیولوجیکل سروے (BGS) کے مطابق بدھ کی رات شمال مغربی انگلینڈ میں 3.3 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس نے گھروں کو لرزا کر رکھ دیا۔

 

یہ جھٹکا رات 11:23 کے بعد محسوس کیا گیا اور اس کی شدت لنکا شائر اور سدرن لیک ڈسٹرکٹ کے علاقوں بشمول کینڈل اور اولورسٹن میں محسوس کی گئی، جو مرکزِ زلزلہ سے تقریباً 12 میل کے فاصلے پر ہیں۔

 

زلزلہ لنکا شائر کے ساحلی علاقے سلورڈیل کے قریب 1.86 میل کی گہرائی میں آیا۔ خوش قسمتی سے کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

 

رہائشیوں نے BGS کو بتایا کہ جھٹکا “زیر زمین دھماکے” جیسا محسوس ہوا اور “اتنا طاقتور تھا کہ پورا گھر ہل گیا۔

 

لنکا شائر فائر اینڈ ریسکیو سروس نے کہا کہ کارنفورتھ کے علاقے میں کئی رہائشیوں نے زور دار دھماکے جیسی آواز یا جھٹکا محسوس کیا۔


لنکاسٹر پولیس نے بھی اسی قسم کی شکایات موصول ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ یہ لنکا شائر اور کمبریا کی سرحد کے قریب 3.3 شدت کا معمولی زلزلہ تھا۔

 

پولیس کے مطابق کسی کے زخمی ہونے یا املاک کو نقصان پہنچنے کی کوئی اطلاع نہیں، تاہم فائر بریگیڈ اور ایمبولینس سروس کے ساتھ اہلکار علاقے میں موجود رہے۔

 

وولکینو ڈسکوری ویب سائٹ کے مطابق انہیں 1,000 سے زائد رپورٹس موصول ہوئیں، جن میں بلیک پول جیسے دور دراز علاقوں سے بھی جھٹکے محسوس کیے جانے کی اطلاع شامل ہے۔

 

کارنفورتھ کے ایک رہائشی نے لکھا:


“پہلے ہلکی گڑگڑاہٹ محسوس ہوئی جو ایک زور دار دھماکے میں بدل گئی۔ لگا چھت گر رہی ہے بہت خوفناک تھا۔

 

سلوورڈیل کے ایک شخص نے کہا:


“تیز گرج اور گھر کی چیزوں کا ہلنا ایسا لگا جیسے کوئی چیز گر گئی ہو یا چمنی ٹوٹ گئی ہو۔ اتنا شدید تھا کہ باہر جا کر چیک کرنا پڑا۔

 

BGS کے مطابق برطانیہ میں ہر سال تقریباً 300 زلزلے ریکارڈ ہوتے ہیں، لیکن ان میں سے صرف 10 فیصد لوگ محسوس کر پاتے ہیں۔