رابعہ نورین اپنے مرحوم شوہر عابد علی کی یاد میں دوبارہ آبدیدہ

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 04 دسمبر 2025

پاکستان شوبز کی معروف اداکارہ رابعہ نورین نے حال ہی میں دنیا نیوز کے مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کے دوران اپنے مرحوم شوہر عابد علی کی یادیں شیئر کیں۔

 

اداکارہ نے بتایا کہ عابد علی ان کی زندگی کا مضبوط سہارا تھے اور ان کے جانے کے بعد بھی ان کی یادیں ہمیشہ دل کے قریب رہتی ہیں۔

 

 وہ اپنے روزمرہ معمولات میں مصروف رہتی ہیں، مگر عابد علی کے ساتھ کے یادگار لمحات اور محبت بھری باتیں آج بھی ان کے لیے تازہ ہیں۔

 

رابعہ نورین نے اپنی اور عابد علی کی پہلی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ملاقات ایک فلائٹ میں ہوئی تھی، لیکن اصل قربت کوئٹہ میں ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران بڑھی، اور پھر 2006 میں دونوں نے شادی کر لی۔

 

انہوں نے عابد علی کی شخصیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہایت خیال رکھنے والے، محبت کرنے والے اور ہر کسی کا خیال رکھنے والے انسان تھے۔ شوٹنگ کے بعد وہ پوری ٹیم کے لیے کھانا لے جاتے اور محبت میں سب کچھ فطری انداز میں ہوتا تھا۔

 

اپنے جذباتی لمحے کے بارے میں رابعہ نورین نے بتایا کہ انہیں عابد علی سے اپنی وابستگی کا احساس اس وقت ہوا جب انہیں ایک دن وہ روزانہ کا صبح کا میسج موصول نہیں ہوا جسے دونوں چھ ماہ سے بھیجتے تھے۔