تازہ ترین - 11 مارچ 2026
"11ویں قومی مالیاتی کمیشن اجلاس میں ورکنگ گروپس کے قیام کا فیصلہ"
پاکستان - 04 دسمبر 2025
11ویں قومی مالیاتی کمیشن (NFC) کے افتتاحی اجلاس میں مالیاتی معاملات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے 6 سے 7 ورکنگ گروپس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا، جس میں سندھ اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ نے صوبائی وزرائے خزانہ کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے خزانہ اور دیگر ارکان بھی موجود تھے۔
اجلاس میں وفاقی وزارت خزانہ اور چاروں صوبوں نے اپنی مالی صورتحال پر مفصل بریفنگ دی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اجلاس آئینی ذمہ داری کی ادائیگی اور باہمی تعاون کو مضبوط کرنے کا اہم موقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تباہ کن سیلاب کے باعث اجلاس موخر کرنا پڑا تھا، تاہم وفاق اور صوبے دونوں اس عمل کو جلد مکمل کرنے کے خواہشمند ہیں۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ این ایف سی سے متعلق خدشات اور قیاس آرائیوں کا واحد حل شفاف مکالمہ ہے، اور تمام فریقین کھلے دل کے ساتھ ایک دوسرے کا مؤقف سننے کے لیے موجود ہیں۔
انہوں نے صوبوں کے نیشنل فِسکل پیکٹ پر دستخط اور آئی ایم ایف پروگرام میں تعاون کو قابلِ قدر قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق سابق فاٹا سے متعلق ایک الگ ورکنگ گروپ بھی قائم کیا جائے گا جبکہ اگلا اجلاس 8 یا 15 جنوری کو متوقع ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق ورکنگ گروپس مالیاتی امور کو مزید آگے بڑھائیں گے۔
ادھر وزارتِ منصوبہ بندی نے وسائل کی تقسیم کے دو نئے طریقہ کار وزیراعظم کو پیش کیے ہیں جن میں قابلِ تقسیم محاصل سے ڈھائی فیصد کٹوتی اور مخصوص قومی منصوبوں کے اخراجات پہلے منہا کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔
صوبوں کے درمیان تقسیم میں آبادی کا وزن کم کرکے ریونیو جنریشن، زرخیزی اور جنگلاتی رقبہ جیسے عوامل شامل کرنے کی سفارش بھی سامنے آئی ہے۔
دیکھیں

