تازہ ترین - 11 مارچ 2026
ایشیز ٹیسٹ کے پہلے روز نئے ریکارڈز , جو روٹ کی تاریخی سنچری، اسٹارک سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے لیفٹ آرم فاسٹ بولر بن گئے
کھیل - 04 دسمبر 2025
ایشیز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن شاندار ریکارڈز قائم ہوئے۔ گابا میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مگر ابتدا ایک بار پھر خراب رہی۔
بین ڈکٹ پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے جبکہ تیسرے اوور میں اولی پوپ بھی بغیر رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
زیک کرولی اور جو روٹ نے اننگز کو سنبھالتے ہوئے 117 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔
کرولی 76 رنز بنا کر مائیکل نیسر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد ہیری بروک بھی 31 رنز پر مچل اسٹارک کا شکار بن گئے، اسی وکٹ کے ساتھ اسٹارک نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 415ویں وکٹ مکمل کی اور وسیم اکرم کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے لیفٹ آرم فاسٹ بولر بن گئے۔
انگلینڈ کے مڈل آرڈر میں کپتان بین اسٹوکس (19)، جیمی اسمتھ (0)، ول جیکس (19)، گس ایٹکنسن (4) اور برائیڈن کارس (0) بھی زیادہ کچھ نہ کر سکے۔
جو روٹ نے ایک اینڈ پر مضبوطی دکھاتے ہوئے اپنی 40ویں ٹیسٹ سنچری مکمل کی، جو آسٹریلوی سرزمین پر ان کی پہلی سنچری بھی ہے۔
آخری وکٹ پر جوفرا آرچر کے ساتھ انہوں نے 61 رنز کی ناقابل شکست پارٹنرشپ بنائی۔ دن کے اختتام پر روٹ 135 اور آرچر 32 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
انگلینڈ نے پہلے دن 9 وکٹ پر 325 رنز اسکور کیے یہ 2018 کے بعد آسٹریلیا میں انگلینڈ کا پہلی مرتبہ کسی ٹیسٹ اننگز میں 300 رنز عبور کرنا ہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 6 شکار کیے جبکہ مائیکل نیسر اور اسکاٹ بولینڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دیکھیں

