تازہ ترین - 02 مارچ 2026
پاکستان–کرغزستان تعلقات میں اہم پیش رفت، توانائی و تجارت سمیت 15 معاہدوں پر دستخط
دنیا - 05 دسمبر 2025
پاکستان اور کرغزستان کے درمیان توانائی، تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے 15 اہم معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہو گئے۔ وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر کرغزستان کے صدر صدر جپاروف کو شاندار استقبال اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
صدر جپاروف نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں وزیراعظم نے ’’ویژن سینٹرل ایشیا‘‘ پالیسی کے تحت خطے کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے، تجارت بڑھانے اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کیا جبکہ روڈ کوریڈور کے فعال ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی دونوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی تنازعات کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مطابق پُرامن طریقے سے حل ہونا چاہیے۔
گفتگو کے دوران افغانستان میں امن، استحکام اور افغان عوام کے پائیدار مستقبل پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
کرغزستان کے صدر نے پاکستان کو قابلِ اعتماد شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ کاسا 1000 منصوبہ پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ عزم کا بھی اظہار کیا۔
بعد ازاں دونوں ممالک نے باہمی تعاون بڑھانے کے لیے 15 معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کیے۔ یاد رہے کہ کرغزستان کے صدر گزشتہ روز دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے جہاں صدر آصف زرداری اور وزیراعظم نے ان کا استقبال کیا۔
دیکھیں

