ایشیز کے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ پہلی اننگز میں 334 رنز پر آؤٹ

news-banner

کھیل - 05 دسمبر 2025

ایشیز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ کی ٹیم 334 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔


گابا میں میچ کے دوسرے روز کھیل دوبارہ شروع ہوا تو انگلش ٹیم اپنے اسکور میں صرف 9 رنز کا اضافہ کرسکی۔ 

 

جوفرا آرچر 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ایلکس کیری نے شاندار کیچ تھاما۔ جو روٹ 138 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

 

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مائیکل نیسر، برینڈن ڈوگٹ اور سکاٹ بولینڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 

یہ جنوری 2018 کے بعد پہلا موقع ہے کہ انگلینڈ نے آسٹریلیا میں کسی ٹیسٹ اننگز میں 300 سے زائد رنز اسکور کیے ہیں۔

 

اس سے قبل پہلے دن ٹاس جیت کر انگلینڈ نے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو آغاز ہی میں نقصان اٹھانا پڑا۔

 

 صرف 5 رنز پر بین ڈکٹ گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوگئے، جب کہ تیسرے اوور میں اولی پوپ بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

 

بعد ازاں زیک کرولی نے جو روٹ کے ساتھ 117 رنز کی شاندار شراکت قائم کی، لیکن وہ 76 رنز بنا کر مائیکل نیسر کا شکار ہوگئے۔

 

176 کے مجموعے پر ہیری بروک 31 رنز بنا کر مچل اسٹارک کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ 

 

یہ اسٹارک کی ٹیسٹ کرکٹ میں 415 ویں وکٹ تھی جس کے ساتھ وہ وسیم اکرم کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹیسٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے لیفٹ آرم فاسٹ بولر بن گئے۔

 

انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس (19)، جیمی سمتھ (0)، ول جیکس (19)، گس ایٹکنسن (4) اور برائیڈن کارس (0) بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔


جو روٹ ایک اینڈ سے ڈٹے رہے اور آخری وکٹ پر جوفرا آرچر کے ساتھ 61 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔

 

یہ جو روٹ کی 40ویں ٹیسٹ سنچری تھی اور آسٹریلیا کی سرزمین پر ان کے کیریئر کی پہلی سنچری۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 40 سنچریاں بنانے والے چوتھے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔