دفتر خارجہ: اسرائیل کے ساتھ کوئی تعاون نہیں، افغان بارڈر بندش قومی سلامتی کے لیے ضروری ہے

news-banner

دنیا - 05 دسمبر 2025

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان کا اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں ہو رہا، اور جاسوسی یا اسپائی ویئر کے حوالے سے تمام رپورٹس محض قیاس آرائیاں ہیں۔ اسرائیل سے متعلق میڈیا کی خبریں بے بنیاد ہیں اور پاکستان انہیں واضح طور پر مسترد کرتا ہے۔

 

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پاک-افغان مذاکرات کے حوالے سے ان کے پاس کوئی نئی معلومات نہیں ہیں۔ ترک صدر کے اعلان کے مطابق اسلام آباد آنے والا اعلیٰ سطحی ترک وفد ابھی نہیں پہنچا، جس کی وجہ شیڈولنگ مسائل یا طالبان کی جانب سے تعاون کی کمی ہو سکتی ہے۔

 

اندرابی نے افغانستان سے سرحد کی بندش کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کی حفاظت کے لیے کیا گیا ہے تاکہ دہشت گرد اور پرتشدد عناصر ملک میں داخل نہ ہوں۔

 

 انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ صرف ٹی ٹی پی نہیں، بلکہ افغان شہری بھی پاکستان میں سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں۔ سرحد کی بندش صرف سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر ہے، تاہم انسانی امداد اور یو این کی اشیا کے لیے راستہ کھولا گیا ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان عوام کے لیے امدادی راہداری میں مثبت کردار ادا کیا ہے اور بارڈر پالیسی کا مقصد افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے میں عملی تعاون فراہم کرنا ہے۔

 

ترجمان دفتر خارجہ نے کل کے بابری مسجد کے 33ویں یوم شہادت پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ مذہبی ورثے اور مقدس مقامات کا تحفظ عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بھارتی مسلمانوں کے احساس محرومی اور ہندو فاشسٹ تنظیموں کی سرگرمیوں پر گہری تشویش بھی ظاہر کی۔

 

اندرابی نے کہا کہ افغان اور بھارتی حکام کے بڑھتے رابطوں پر پاکستان نگرانی رکھے گا اور تحفظات اٹھاتا رہے گا۔