تاریخی تقریب: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں جی ایچ کیو میں گارڈ آف آنر

news-banner

پاکستان - 08 دسمبر 2025

راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں تینوں مسلح افواج کے دستوں کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

 

یہ تقریب فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز کے طور پر تعیناتی کے موقع پر منعقد کی گئی۔ تقریب میں چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور دیگر اعلیٰ عسکری افسران نے بھی شرکت کی۔ مہمان خصوصی نے اعزازی دستے کا معائنہ کیا اور جنرل سلامی وصول کی۔

 

تاریخ میں پہلی بار یہ موقع آیا کہ چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کو تینوں مسلح افواج کے دستوں کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ تقریب مستقبل میں افواج پاکستان کی جدید جنگی تیاریوں کے آغاز اور تنظیمی تبدیلی کی علامت سمجھی جا رہی ہے۔

 

معرکہ حق میں پاکستان نے جنوبی ایشیا کی تاریخی لڑائی میں کامیابی حاصل کی، جہاں دو ہمسایہ ریاستوں نے ملٹی ڈومین آپریشنز میں مقابلہ کیا۔ پاکستان ایئرفورس نے ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں دشمن کے سات جہاز مار گرائے، جن میں چار رافیل طیارے اور ایس 400 بیٹری سسٹم شامل ہیں۔ 

 

جبکہ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاکستان نیوی نے سمندری حدود کا مؤثر دفاع کیا، اور بھارتی نیوی جنگ چھیڑنے کی ہمت نہ کر سکی۔