فیلڈ مارشل عاصم منیر کا طالبان کو دوٹوک پیغام,پاکستان یا خوارج!

news-banner

پاکستان - 08 دسمبر 2025

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ افغانستان کی طالبان حکومت کو دوٹوک پیغام دے دیا گیا ہے کہ ان کے پاس صرف دو میں سے ایک انتخاب ہےیا پاکستان، یا پھر خوارج۔ اس کے سوا کوئی راستہ موجود نہیں۔

 

جی ایچ کیو راولپنڈی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جہاں تینوں مسلح افواج کے دستوں نے انہیں سلامی دی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہ بھی موجود تھے۔

 

بعد ازاں تینوں افواج کے افسران سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نئے قائم ہونے والے ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز کا قیام ایک تاریخی اور بنیادی تبدیلی ہے، اور یہ قدم مستقبل کے ڈھانچے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز کے پیشِ نظر ضروری ہے کہ تینوں افواج کے ملٹی ڈومین آپریشنز کو ایک متحد نظام کے تحت مزید مؤثر بنایا جائے۔

 

فیلڈ مارشل کے مطابق ہر سروس اپنی آپریشنل انفرادیت برقرار رکھے گی، جبکہ ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز تمام آپریشنز کو مربوط، ہم آہنگ اور بہتر کوآرڈینیٹ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطح پر یکجہتی کے باوجود تینوں افواج اپنی اندرونی خودمختاری اور تنظیمی ڈھانچہ برقرار رکھیں گی۔

 

بھارت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بھارت کسی خوش فہمی یا غلط فہمی میں نہ رہے، اگلی بار پاکستان کا جواب اس سے بھی زیادہ تیز اور سخت ہوگا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ طالبان رجیم کو صاف پیغام دیا گیا ہے کہ انہیں پاکستان یا خوارج میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔

 

چیف آف ڈیفنس فورسز نے اس بات کو دہرایا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، مگر کسی کو بھی پاکستان کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت کو آزمانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ پاکستان کی طاقت اپنے جذبۂ ایمان سے لبریز جوانوں اور متحد قوم کے عزم میں ہے۔

 

انہوں نے یاد دلایا کہ معرکۂ حق میں ان کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کو واضح شکست دی، دشمن کے فضائی دفاعی نظام کو ناکام بنایا اور بھارت کے سات جدید لڑاکا طیارے بھی مار گرائے۔