تازہ ترین - 02 مارچ 2026
سردی کی آمد کے ساتھ کراچی میں دل کے مریضوں کی تعداد میں 40 فیصد تک اضافہ
تازہ ترین - 08 دسمبر 2025
کراچی میں سردیوں کی ابتدا کے ساتھ ہی دل کے امراض میں مبتلا افراد کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ جیونیوز سے ٹیلی فونک گفتگو میں سندھ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جاوید اکبر سیال نے بتایا کہ شہر کے سرکاری اور نجی اسپتالوں میں دل کے مریضوں کا دباؤ بڑھ چکا ہے۔
ان کے مطابق این آئی سی وی ڈی اور ایس آئی سی وی ڈی میں مریضوں کی تعداد 30 سے 40 فیصد تک بڑھ گئی ہے۔ سرد موسم کے باعث دل کے دورے اور انجائنا کے کیسز بھی اضافہ دکھا رہے ہیں۔
ڈاکٹر سیال نے کہا کہ سردیوں میں دل کے مریض انفیکشنز کا آسانی سے شکار ہو جاتے ہیں جبکہ سانس کی بیماریوں کا براہ راست اثر دل کی کارکردگی پر پڑتا ہے۔ سردی میں خون کی شریانوں کے سکڑنے سے دل پر دباؤ مزید بڑھ جاتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ریسپائریٹری انفیکشنز اس موسم میں دل کے مریضوں کے لیے خاص طور پر خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں، اس لیے دل کے مریضوں کو لازمی طور پر سردی سے بچاؤ، بلڈ پریشر، شوگر اور کولیسٹرول کو کنٹرول میں رکھنا چاہیے۔
ڈاکٹر سیال نے مزید مشورہ دیا کہ اگر بخار، نزلہ، کھانسی یا سینے میں درد کی علامات ظاہر ہوں تو فوراً قریبی اسپتال سے رجوع کریں۔
دیکھیں

