پاکستان اور سوڈان کا صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

news-banner

تازہ ترین - 09 دسمبر 2025

وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان سوڈان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں سوڈان کی دلچسپی قابلِ تحسین ہے۔

 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سوڈان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ 

 

وزیرِ صحت نے اس موقع پر پاکستان کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد سوڈانی طبی عملے کی تربیت، ماہرین کے تبادلے اور علم و تجربے کے فروغ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

 

 انہوں نے واضح کیا کہ تعاون کسی ایک شعبے تک محدود نہیں ہوگا۔

 

انہوں نے مزید بتایا کہ فارماسیوٹیکل، میڈیکل ڈیوائسز اور ریگولیٹری معاملات ڈریپ کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں جبکہ پاکستان ڈبلیو ایچ او کے ریگولیٹری میچورٹی لیول 3 کے حصول کے لیے پیشرفت کر رہا ہے۔

 

 ملک میں میڈیکل ٹورازم کو فروغ دینے کے منصوبے بھی ترجیحی بنیادوں پر جاری ہیں۔

 

وزیرِ صحت نے یقین دلایا کہ ویزا سہولت کاری کے امور پاکستانی سفارتخانے کی مشاورت سے آگے بڑھائے جائیں گے، جبکہ وزارتِ خارجہ باہمی تعاون کی یادداشت کے عمل کو تیز کرے گی۔ 

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہنگامی ردِعمل، بحالی اور استعداد کار میں اضافے کے لیے سوڈان کے ساتھ طویل مدتی بنیادوں پر تعاون جاری رکھے گا۔

 

سوڈانی وفد نے وزیرِ صحت کو اپنے ملک میں صحت کے شعبے کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سوڈان نے آئندہ پانچ برسوں کے لیے ایک جامع حکمتِ عملی بنائی ہے جس میں 45 سے زائد صحت منصوبے شامل ہیں۔ 

 

وفد نے طبی آلات، ٹیکنالوجی، صحت مراکز میں سولر توانائی کی بحالی اور ادارہ جاتی تعاون کے لیے پاکستان سے مزید مدد کی درخواست کی۔

 

سوڈانی نمائندوں نے پاکستان کے مستقل تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی اور مؤثر شراکت داری میں مزید اضافہ کرے گا۔ 

 

ملاقات میں وفاقی سیکرٹری صحت حامد یعقوب اور وزارت کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔