Pakistan

فیصل واوڈا کا دعویٰ: فیض حمید عمران خان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنیں گے

فیصل واوڈا کا دعویٰ: فیض حمید عمران خان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنیں گے
۱۷۴ دن پہلے

سینیٹر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف وعدہ معاف گواہ کے طور پر پیش ہوں گے۔


ٹی وی پروگرام ’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سامنے آنے والے شواہد کے بعد عمران خان کے خلاف فوجی عدالت میں مقدمہ چلنا خارج از امکان نہیں۔

 

فیصل واوڈا کے مطابق فیض حمید 9 مئی واقعات اور اس دوران ملنے والے مبینہ احکامات سے متعلق گواہی اور ثبوت فراہم کریں گے، جس کے بعد کارروائی براہِ راست بانی پی ٹی آئی کی طرف بڑھ سکتی ہے۔

 

 انہوں نے کہا کہ پارٹی سے ایک سال پہلے نکالے جانے کے باوجود وہ مسلسل خبردار کرتے رہے کہ ایسی پوزیشن نہ لی جائے جس سے واپسی ممکن نہ ہو۔

 

سینیٹر کے مطابق ریاست دشمنی، اداروں سے دشمنی اور ملکی مفادات کو نقصان پہنچانے جیسے سنگین الزامات پر 14 سال قید یا سزائے موت تک ہو سکتی ہے۔

 

 انہوں نے کہا کہ مزید شواہد سامنے آنے پر وہ رہنما بھی عدالت کے سامنے لائے جائیں گے جو 9 مئی واقعات میں ملوث تھے یا پسِ پردہ سہولت کاری کر رہے تھے۔

 

واوڈا نے دعویٰ کیا کہ یہ کارروائی محض آغاز ہے اور احتساب کا دائرہ پھیلتا جائے گا۔

 

 ان کے مطابق فیض حمید کے خلاف باوردی اور بغیر وردی دونوں حیثیتوں میں کارروائی ایک مثال قائم کرتی ہے اور آنے والا مرحلہ براہِ راست عمران خان اور پی ٹی آئی قیادت کی طرف جاتا دکھائی دے رہا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں