وزیراعظم شہباز شریف کا مظفرآباد میں جدید کینسر ہسپتال اور میڈیکل کالج کا افتتاح

news-banner

پاکستان - 28 دسمبر 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے مظفرآباد میں جدید سہولیات سے آراستہ کینسر ہسپتال اور میڈیکل کالج کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔


کشمیر انسٹیٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن، آنکالوجی اینڈ ریڈیو تھراپی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی عمل نہیں، اس ہسپتال کے قیام سے مقامی آبادی کو بہترین طبی سہولیات میسر آئیں گی۔


انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی کینسر جیسے موذی مرض کا سامنا کر چکے ہیں، اس لیے بخوبی جانتے ہیں کہ محدود وسائل رکھنے والے افراد کے لیے اس مرض کا علاج کتنا مشکل ہوتا ہے۔


وزیراعظم نے کہا کہ اس شاندار ادارے کا افتتاح کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور جان لیوا بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا علاج انسانیت کی عظیم خدمت ہے۔


تقریب سے ویڈیو پیغام میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کینسر ہسپتال کا قیام ایک اہم سنگِ میل ہے اور عوامی فلاح کے لیے ایٹمی توانائی کا استعمال قابلِ تحسین ہے۔


بعد ازاں وزیراعظم نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، جہاں حکام نے انہیں سہولیات اور شعبہ جاتی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔