بلاول بھٹو: اٹھارہویں ترمیم کے بعد سندھ میں صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی

news-banner

پاکستان - 29 دسمبر 2025

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد سندھ میں صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے اور اس شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی گئی ہے۔


لاڑکانہ میں شہید بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے گریجویٹس کو مبارکباد دی اور کہا کہ اب عملی زندگی میں قوم اور انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔


انہوں نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لاڑکانہ صرف ایک شہر نہیں بلکہ ناانصافی کے خلاف مزاحمت کی علامت ہے، جبکہ وباؤں کے دوران ڈاکٹرز اور نرسز نے فرنٹ لائن کردار ادا کیا۔


بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سندھ میں دل کے امراض کا مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے اور کراچی، نوابشاہ، جامشورو، سکھر اور لاڑکانہ سمیت مختلف شہروں میں جدید صحت سہولیات پہنچائی گئیں۔

 

 چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے اشتراک سے صوبے کے تمام اضلاع میں بچوں کے لیے ایمرجنسی رومز قائم کیے گئے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ سندھ میں جامعات کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ ہر ضلع میں ایک یونیورسٹی قائم کی جائے تاکہ پسماندہ علاقوں میں بھی تعلیم کے مواقع میسر ہوں۔

 

وزیراعلیٰ سندھ کا خطاب:


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے خواتین کو بااختیار بنانے اور تعلیم و صحت کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کیے۔

 

 انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا اور نوجوان ہی پاکستان کا مستقبل ہیں۔